لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگررہنماؤں کیخلاف دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ ڈی ایس پی صابر علی کی مدعیت میں لاہورکے تھانہ ریس کورس میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں عمران خان، فرخ حبیب، اعجاز چوہدری، حسان نیازی، حماد اظہر، فواد چوہدری اور محمود الرشید کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی، پولیس افسران پر حملہ، سڑک بلاک کرنے سمیت دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ہجوم نے جان سے مار دینے کی نیت سے حملہ کیا جس سے بچنے کے لئے آنسو گیس اور شیلنگ کرنا پڑی۔اس دوران پی ٹی آئی کارکن جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔
ایف آئی آر متن کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کو بتایا گیا تھا کہ دفعہ 144 نافذ ہے اس کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔ کارکنان کے پولیس اہلکاروں پر حملے اور تشدد سے 13 پولیس اہلکار اور افسران زخمی ہوگئے۔