بابراعظم ،محمد رضوان اورشاہین آفریدی کو گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ کیلئے این اوسی جاری نہ کرنے کا فیصلہ

لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو کینیڈا میں ہونے والی گلوبل ٹی 20 لیگ کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گلوبل ٹی 20 کیلئے پی سی بی کو بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی جانب سے این او سی کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔بورڈ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی غیرمعمولی مصروفیت، کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد ان تینوں کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 9 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، اس کے علاوہ آئندہ سال آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی بھی کھیلنی ہے جس کا انعقاد پاکستان میں ہونا ہے، اس طرح پاکستان اس عرصے میں 9 ٹیسٹ، 14 ون ڈے انٹرنیشنل اور 9 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے گا لہٰذا تینوں کھلاڑی تینوں فارمیٹ کے کرکٹرز ہیں اور پاکستان کو آئندہ 8 ماہ میں ان کی خدمات درکار ہوں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ورک لوڈ منیجمنٹ پالیسی کے پیش نظر پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ یہ کھلاڑی کینیڈا میں ہونے والے ایونٹ کو چھوڑ دیں تاکہ وہ سیزن کیلئے اپنی بہترین ذہنی اور جسمانی حالت میں ہوں جس کا آغاز بنگلا دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا۔
قبل ازیں پی سی بی نے اسی بنیاد پر نسیم شاہ کو دی ہنڈریڈ کیلئے این او سی جاری نہیں کیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق آصف علی، افتخار احمد، محمد عامر اور محمد نواز کیلئے این او سی کی منظوری دے دی گئی ہے، چاروں کھلاڑی بنیادی طور پر وائٹ بال کے کرکٹرز ہیں تاہم افتخار احمد اور محمد نواز سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز ہیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More