اربوں کی ٹیکس چوری روکنے کیلئے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اولین ترجیح ،وزیراعظم

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کا کہناہےکہ اربوں روپے کی ٹیکس چوری کو روکنے کیلئے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی اصلاحات پر اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس کو ایف بی آر کی اصلاحات اور ڈیجیٹائیزیشن کے عمل پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات پر عمل تیزی سے جاری ہے. ایف بی آر کے موجودہ نظام اور افرادی قوت کے حوالے سے جائزہ اپنے حتمی مراحل میں ہے. اجلاس کو ابتدائی اقدامات کے نتائج کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ قریباً 4 ہزار کمپنیوں کی جانب سے جعلی اور اندر انوائس والے سلیز ٹیکس ریفنڈز کی نشاندہی کرکے انہین روکا جا چکا ہے جبکہ 45 لاکھ کے قریب ایسے افراد کی نشاندہی کی جا چکی یے جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں مگر ٹیکس میں نہیں ہیں۔
وزیرِ اعظم نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن اور اصلاحات کے حوالے سے معینہ اہداف کے ساتھ جامع لائحہ عمل آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ (Non-Filers) جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں اور گوشوارے جمع نہیں کرواتے انہیں فوری طور پر ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔
وزیراعظم کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ چند ہفتوں میں 3 لاکھ سے زائد نئے ٹیکس دہندگان نے اپنے گواشورے جمع کروائے۔گزشتہ دو ہفتوں میں انڈر انوائسنگ اور جعلی سیلز ٹیکس ریفنڈز کرنے والی 4 ہزار کمپنیوں کی نشاندہی کرکے ریفنڈز روکے جاچکے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کسٹمز اپریزرز کا صوابدیدی اختیار فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیرِ اعظم کی چیئرمین ایف بی آر کو آئندہ چوبیس گھنٹے میں ان ہدایات کے نفاذ کو یقینی بنا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ٹیکس چوری میں ملوث لوگوں کے ساتھ ساتھ اس جرم میں ان کا ساتھ دینے والے افسران و اہلکاروں کو بھی سزا دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے پیسوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں اور انکا ساتھ دینے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ایسے ٹیکس دہندگان جو بروقت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہیں انکی اس امر کیلئے پزیرائی کی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بندرگاہوں پر جدید اور بین الاقوامی معیار کے اسکینرز لگائے جائیں جس سے نظام میں شفافیت اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ٹیکس چوری کا تخمینہ اور اسکی روک تھام کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ پیش کی جائے۔اربوں روپے کی ٹیکس چوری کو روکنے کیلئے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائیزیشن اور اصلاحات کے نفاذ پر پیش رفت کی نگرانی کیلئے فوری طور پر ایک ڈیش بورڈ بنایا جائے۔ٹیکس کے حوالے سے عالمی سطح پر رائج بہترین نظام کو پاکستان میں نافذ کیا جائے گا۔ٹیکس پالیسی کی تشکیل کیلئے پیشہ ورانہ طور پر اچھی شہرت کے حامل افسران اور ماہرین کی تعیناتی کی جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک، وزیرِ اعظم کے کورڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر، پاکستان بزنس کونسل کے سی ای او احسان ملک، کارنداز کے سی ای او وقاص الحسن اور متعلقہ حکام کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر شمشاد اختر، نوید اندرابی، آصف پیر اور علی ملک نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More