اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
امریکہ میں رہنے والے پاکستانی شہری نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر ترکیہ کے سفارت خانے میں جاکر زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے تین کروڑ ڈالر کا عطیہ دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی شہری نے شناخت ظاہر کیے بغیر واشنگٹن ڈی سی میں واقع ترکیہ کے سفارت خانے کو ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے تین کروڑ ڈالر کی بڑی رقم عطیہ کی ہے۔رپورٹس میں ترکیہ کے واشنگٹن ڈی سی میں تعینات سفیر مُراط میکران کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ ایک پاکستانی بزنس مین نے اکیلے ترکیہ کی امدادی مہم میں تین کروڑ ڈالر دیے ہیں۔جبکہ سفیر نے بھی کہا ہے کہ "ہمیں نہیں معلوم وہ کون ہیں، ان کی شناخت کو ظاہر نہیں کیا گیا ہے”۔
سماجی میڈیاپر پاکستانی شہری کے عطیہ کی خبر وائرل ہونے پرپاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں گمنام پاکستانی شہری کو سہراتے ہوئے کہا ہےکہ ایک گمنام پاکستانی کی مثال دیکھ کر دل بہت متاثر ہوا جو امریکہ میں ترکیہ کے سفارت خانے گیا اور ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کے لیے 30 ملین ڈالر کا عطیہ دے آیا۔ یہ انسانیت کی فلاح کے لیے شاندار کام ہیں جو انسانیت کو مشکلات پر فتح دلانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
دوسری جانب ہزاروں ریسکیو اہلکار ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثر علاقوں میں امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔
زلزلے کے باعث دونوں ممالک میں ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔جبکہ شدید سردی کے باعث لاکھوں متاثرین امداد کے منتظر ہیں۔