انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترکیہ میں جاری بین الاقوامی امدادی مہم کے دوران اب تک چھ ارب ڈالر سے زائد رقم اکٹھی کی جا چکی ہے۔ یہ مہم ترکیہ کے سرکاری ٹیلی ویژن نیٹ ورک ٹی آرٹی کی سرکردگی میں213 قومی اور بین الاقوامی ٹیلی ویژن چینلز کے ساتھ ساتھ 562 ریڈیو چینلز پر بھی نشر کی جا رہی ہے۔
ترکی کے مرکزی بینک نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لیے30 بلین لیرا (1.6 بلین ڈالر) عطیہ کا اعلان کر دیا ہے ۔ بنک یہ رقم 2022 کے اپنے منافع سے ادا کرے گا۔اور یہ مہم کے دوران دید جانے والا کسی ایک ادارے کا سب سے بڑا عطیہ ہے۔
بدھ کی شب شروع ہونے والی ملک گیر امدادی مہم "ترکیہ یکجان ہے” کے دوران خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ ملک گیر مہم میں جمع ہونے والی ہر ایک پائی زلزلہ متاثرین کے لیے استعمال کی جائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مہم بے مثال عطیات جمع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ایسی ہی مہم آذربائیجان اور ترک جمہوریہ شمالی قبرص میں بھی شروع کی جائے گی۔
امدادی مہم کی مشترکہ نشریات میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ثقافت، فن، کاروبار اور کھیلوں کی معروف شخصیات کو اکٹھا کیا گیا تھا۔جس میں مشہور ٹی وی ستاروں نے عوام پر زور دیا کہ وہ امدادی مہم میں ترک ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی اور ترک ریڈ کریسنٹ کو بڑھ چڑھ کر عطیات دیں۔
ترکیہ میں زلزلے کے بعد بدھ کی شام عطیہ کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ جس میں براہ راست نشریات کے دوران افراد اور کمپنیوں سے 115 بلین لیرا ( 6ارب ڈالر) سے زیادہ کی رقم اکٹھی کی گئی ہے۔