معاشی اعشاریے مثبت، مہنگائی کی شرح 38 سے 11 فیصد ہوگئی، وزیر خزانہ

شینزن (پاک ترک نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے جس سے انکار نہیں، مہنگائی کی شرح 38 سے کم ہوکر 11 فیصد تک آگئی ہے۔
چینی شہر شینزن میں پاک چین بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی پر انحصار کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ ٹیکنالوجی کا استعمال ہر شعبے کے لیے مؤثر ثابت ہورہا ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کی توجہ اقتصادی اصلاحات پر ہے۔ حکومت پاکستان نے مہنگائی میں کمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جس کے بعد پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر 11 فیصد پر آگئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی کرنسی کئی ماہ سے مستحکم ہے جبکہ معاشی اعشاریے بھی مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں۔ پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لانے کی ضرورت ہے، خسارہ میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں رواں سال شرح سود کے معاملے کو دیکھنا ہوگا، امریکا سمیت اہم عالمی مارکیٹوں تک رسائی کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں۔ عالمی مارکیٹ تک رسائی کے لیے پاکستان نے مصنوعات کے معیار کو مزید بہتر کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More