خیبر پختونخوا میں انتخابات: گورنر نے الیکشن کمیشن کو 28 مئی کی تاریخ دیدی

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) گورنر خیبر پختونخوا نے آج صدر مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات کی اور ان کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں 28 مئی کو انتخابات کی تاریخ دے دی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی دعوت پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی جس میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے مشورہ دیا کہ تقریباً 2 ہفتے گزر گئے، پیچیدگی سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔
صدر مملکت اور گورنر کے درمیان آئین کے آرٹیکل 224 (2) اور یکم مارچ کے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن کے حوالے سے اہم بات چیت ہوئی۔ صدر نے گورنر کو مشورہ دیا کہ وہ الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کریں۔
صدر مملکت نے آئین کی پاس داری، مقررہ مدت کے اندر انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آئین نے مقررہ وقت میں انتخابات لازمی قرار دیے ہیں، سپریم کورٹ نے توثیق کی ہے اس لیے مقررہ وقت میں انتخابات ملک میں پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہیں۔
اس ملاقات کے بعد آج ہی گورنر حاجی غلام علی نے خیبر پختون خوا میں 28 مئی کو انتخابات کی تاریخ دے دی ہے۔
انہوں نے اس تاریخ کا اعلان کیا اور کہا کہ ہمیں اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنی ہے، کے پی میں 28 تاریخ کو انتخابات کی تاریخ تجویز کردی ہے ساتھ ہی صوبے میں امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا خیبرپختونخوا میں حالات سازگار ہیں ؟ اس پر گورنر نے کہا کہ حالات سب کے سامنے ہیں، مردم شماری کی ٹیموں پر حملہ کیا گیا، آپ سوچیں دہشت گرد مردم شماری کے لیے نہیں چھوڑتے تو انتخابی مہم کیسے چلے گی؟

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More