اردوان رواں ماہ پیوٹن کے دورہ ترکیہ کیلئے پرامید

انقرہ (پاک ترک نیوز ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اگست میں روس کے صدر پیوٹن کے ترکیہ کے دورے کیلئے پر امید ہیں۔
اردوان کا کہنا تھا کہ ولادی میر پیوٹن کے مجوزہ دورہ ترکیہ کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے لیکن امید ہے کہ وہ رواں ماہ یہ دورہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
اردوان نے کہا کہ روسی صدر کے دورہ ترکیہ کی تاریخ واضح نہیں ہے لیکن وزیر خارجہ اور انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ اس معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ یہ دورہ رواں ماہ اگست میں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ افریقی ممالک کے ساتھ اپنے مثبت تعلقات کو برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
ترک صدر بحیرہ اسود کے اناج کے معاہدے کو دوبارہ شروع کرنے پر زور دے رہے ہیں اور امکان ہے کہ روسی صدر کے دورے کے دوران یہ معاملہ ایجنڈے میں سرفہرست رہے گا۔
یاد رہے خوراک کی عالمی قیمتوں پر 24 فروری 2022 کو شروع ہونے والی روس یوکرین جنگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اقوام متحدہ ، روس، ترکیہ اور یوکرین نے 22 جولائی 2022 کو استنبول میں بحیرہ اسود کے اناج راہداری کے معاہدے پر ایک تقریب میں دستخط کیے تھے۔
17 جولائی کو روسی صدارتی محل کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ایک بیان میں اس معاہدے کی معیاد ختم ہونے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ معاہدے پر روس کی توقعات پوری نہیں کی گئی ہیں، اگر روسی شرائط پر عمل درآمد کیا جاتا ہے تو روس فوری طور پر معاہدے پر واپس آجائے گا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More