صدر اردوان کا محمد یونس کو فون، بنگلہ دیش میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر گفتگو

انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے فون کال پر بنگلہ دیش میں سیلاب کی تباہ کاریوں، دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات، علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ترک صدر کے کمیو نیکیشن ڈائریکٹوریٹ نے بتایا ہے کہ اپنی طرف سے اردوان نے بنگلہ دیش میں ہونے والی تباہی پر اپنے دکھ کا اظہار کیا جس میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 50 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ بنگلہ دیش کے لوگوں کے ساتھ کھڑا رہے گا جب وہ تباہ کن آفت سےنکل نہیں آتے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں تعاون کو بڑھانا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے یونس کو ملک کی عبوری حکومت کا سربراہ بننے پر مبارکباد پیش کی۔محمد یونس نے 8 اگست کو بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی قیادت سنبھالی تھی۔
بنگلہ دیش اور ترکی کے درمیان صدیوں سے مضبوط سفارتی اور تجارتی تعلقات رہے ہیں۔ یہ 16ویں صدی کے اواخر سے شروع ہوئے جب عثمانی بندرگاہوں نے بنگال کے ساتھ تجارتی روابط قائم کیے تھے۔
دونوں ملک اسلامی ملکوں کی تنظیم (او آئی سی) اورڈی۔ 8 تنظیم کے تحت شراکت دار ہیں۔ دو طرفہ دفاعی تعاون کے معاہدے کے ایک حصے کے طور پربنگلہ دیش نے ترکیہ سے ڈرونز، راکٹ دفاعی نظام اور بکتر بند گاڑیاں بھی خریدی ہیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More