راولپنڈی (پاک ترک نیوزز)
پاکستان کی مسلح افواج کے زیرا ہتمام منعقد ہونے والی کثیرالقومی انسداد دہشت گردی مشق ’فجر الشرق پنجم‘ دوہفتے جاری رہنے کےبعد اختتام پزیر ہوگئی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشقوں میں بحرین، عراق اور کویت سمیت دیگر برادر اسلامی ممالک کی اسپیشل فورسز نے حصہ لیا۔اس دو ہفتے طویل کثیر القومی مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق فجر الشرق پنجم کا انعقاد نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹرپبی میں کیا گیا تھا۔ جس میں برادر ممالک کی اسپیشل فورسز کے دستوں نے شرکت کی۔بیان کے مطابق مشق فجر الشرق پاکستان، بحرین، عراق اور کویت کی اسپیشل فورسز کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں ایک کثیر القومی مشترکہ مشق ہے ۔ جس کے سلسلے کی یہ پانچویں مشق تھی۔ اس مشق کا مقصد مشترکہ پیشہ ورانہ اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے علاوہ برادر ممالک کے درمیان تاریخی فوج سے فوج کے تعلقات کومضبوط بنانا ہے۔ اس مشق کے دوران رکن ممالک نے ایک دوسرے کی مہارت اورتجربہےسے استفادہ کرنے کے لیے جوش اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔