اسلام آباد(پاک ترک نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 8 فروری کے عام انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے انتخابی نتائج مسترد کرتے ہوئے 25 اپریل سے تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم ان انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرتے۔ بلوچستان سے 25 اپریل کو تحریک کا آغاز کریں گے۔
ہمارا موقف واضح ہے اور اس کے لئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان اجتماعات کو عوامی اسمبلی کا نام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتی ہے۔ یہ پارلیمنٹ عوام کی کم اسٹیبلشمنٹ کی نمائندہ زیادہ ہے۔
الیکشن کمیشن بے بس ہے۔ان کو نتیجہ مرتب کرنے کی اجازت نہیں۔ اداروں کی طرف سے بھیجے گئے نتائج کی وجہ سے الیکشن کمیشن میں دم خم نہیں رہا۔
سول بیورکریسی میں مداخلت ہورہی ہے۔ ان کے آئینی وقانونی اختیارات میں خفیہ ادارے اور ایجنسیاں مداخلت کررہی ہیں۔