وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،متعدد محکمے ختم کرنے کی منظوری

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وفاقی کابینہ نے وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سفارش پر پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کوختم کرنے کے لائحہ عمل کی منظوری دے دی۔
منظور شدہ لائحہ عمل کے مطابق وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی بنائی جائے گی، جبکہ وفاقی حکومت کی زیر نگرانی صوبائی نوعیت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو متعلقہ صوبائی اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔
اسی طرح پاک پی ڈبلیو ڈی کو تفویض شدہ دیکھ بھال اور مرمت کے کاموں کو جاری رکھنے کے لیے ایسٹ اینڈ فیسیلیٹی مینیجمینٹ کمپنی (Asset and Facility Management Company) کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ پاک پی ڈبلیو ڈی کے عملے کی درجہ بندی کے بعد متعلقہ وزارتوں میں منتقلی کی جائے گی اور گولڈن ہینڈ شیک سکیم عمل میں لائی جائے گی۔ ملک میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی تمام املاک کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کی جائے گی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ ٹرانزیشن کا یہ عمل دو ہفتوں کے اندر اندر مکمل کیا جائے۔
کابینہ کو وزیر خزانہ کی سربراہی میں حکومتی حجم کو کم کرنے کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، امورِ کشمیر و گلگت بلتستان، ریاستوں اور سرحدی امور، صنعت و پیداوار اور قومی صحت کی وزارتوں کے غیر ضروری ذیلی اداروں کو بند کرنے اور ضروری اداروں کی رائٹ سائزنگ کے حوالے سے بنیادی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، یہ عمل 12 جولائی تک مکمل ہو جائے گا۔ کمیٹی ان معلومات کی بنا پر متعلقہ وزارتوں کی مشاورت سے تجاویز مرتب کر کے کابینہ کو اگست کے پہلے ہفتے تک پیش کرے گی۔ اسی طرح 19 جولائی سے وفاقی حکومت کی دیگر وزارتوں سے اس نوعیت کی معلومات حاصل کر کے دیگر اداروں کو بند یا ضم کرنے کی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
کابینہ نے ملک میں قانونی طور پر رہائش پذیر 1.45 ملین افغان مہاجرین جن کے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی معیاد 30 جون 2024 کو ختم ہو چکی ہے، ان کے پی او آر کارڈز کی مدت میں ایک سال یعنی 30 جون 2025 تک توسیع کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سفارش پر پشاور میں فیڈرل لاج نمبر II کی عمارت کو دفتری استعمال کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔ اس عمارت میں صوبائی الیکشن کمشنر کا دفتر مستقل بنیادوں پر قائم کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر ملک کے مختلف شہروں میں ایپیلیٹ ٹریبیونل انلینڈ ریوینیو کے بینچوں سے 7 اکاؤنٹنٹ ممبران کو واپس ایف بی آر بھیجنے اور وزارت کی جانب سے نامزد 14 افسران کو ایپیلیٹ ٹریبیونل انلینڈ ریوینیو کے بینچوں پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت صحت کی سفارش پر جوائنٹ سیکریٹری محمد اقبال کو بطور منتظم نیشنل کاؤنسل فار ہومیوپیتھی تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More