سکردو ایئرپورٹ پر دبئی سے پہلی بین الاقوامی پرواز کی لینڈنگ

سکردو (پاک ترک نیوز) سکردو ایئر پورٹ پر پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی پرواز پی کے 234 دبئی سے لینڈ کرگئی۔ سکردو کو بین الاقوامی ائیر پورٹ کا درجہ مل گیا۔سکردو ائر پورٹ پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔سیاح اب دبئی سے براہ راست ساڑھے تین گھنٹے کی پرواز سے سکردو پہنچ سکیں گے۔
بین الاقوامی پرواز پر سیاح جنت نظیر گلگت بلتستان کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ان پروازوں کے آغاز سے قومی ائیر لائن پی آئی اے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا اور اسکردو کو پوری دنیا میں متعارف کروادیا۔پی آئی اے کی دبئی سے سکردو کی ہفتہ وار پروازیں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
دوران پرواز سیاحوں کو ہمالیہ کے برف پوش پہاڑوں بشمول کے ٹو اور نانگہ پربت کے خوبصورت نظارے بھی دیکھنے کو ملیں گے۔
مسافروں کا استقبال پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر وائس مارشل عامر حیات، سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور سرکاری حکام نے کیا۔
مسافروں میں گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی اور تحائف تقسیم کئے گئے۔ جہاز کو آمد پر ائیرپورٹ حکام کی جانب سے واٹر کینن سلوٹ بھی پیش کیا گیا۔ جہاز کے کپتان نے کام پٹ کا شیشہ کھول کر جشن آزادی کی مناسبت سے قومی جھنڈا لہرایا۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے کہا کہ بین الاقوامی فلائٹ آپریشن شروع ہونے سے گلگت بلتستان میں سیاحت کا شعبہ فروغ پائے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More