لاہور(پاک ترک نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی سردار محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ سب سے پہلے پاکستان ہے۔نومئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
سپیکر سردار محمدسبطین خان اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مسائل کے حل کے لئے گرینڈ ڈائیلاگ اشد ضروری ہیں۔پاکستان کا پرچم سر بلند ہے تو ہماری بھی عزت ہے اور اداروں کی بھی۔ 9مئی کو جو کچھ بھی ہوا وہ فرد واحد کے خلاف نہیں تھا بلکہ اس سے ملک کی بے توقیری ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ نومئی کے واقعہ پر دل بہت ہی رنجیدہ ہے۔ فوج ہو یا کوئی اور ادارہ،یہ سب ہمارے اپنے ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ میرا اپنا خاندان سپاہی سے لیکر لیفٹیننٹ جنرل تک فوج کا حصہ ہیں۔ہمارے خاندان نے پاک فوج کو دو شہید دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نومئی کو جو نا خوشگوار واقعات ہوا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور دیگر ادارے ہمارے اپنے ہیں، ہمیں اداروں کے ساتھ مل کر چلنا چاہئے۔
سپیکر سردار محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سمیت سب کو مل کر بیٹھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ڈائیلاگ کی بات کرکے اچھاقدم اٹھایا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو انتہا پر نہیں جانا چاہیے‘ انہیں مصالحت کی بات کرنی چاہیے۔ سپیکر نے تجویز دی کہ گرینڈ ڈائیلاگ ملک اور جمہوریت کے لئے بہتر ہیں۔ہمیں اپنے اداروں کی عزت کرنی چاہیے۔