خدا کا واسطہ مخلوط حکومت کا نام نہ لیں، ایک پارٹی کو مینڈیٹ ملنا ضروری ہے: نوازشریف

لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اورپاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ الیکشن میں ایک پارٹی کو پورا مینڈیٹ ملنا بہت ضروری ہے، خدا کا واسطہ ہے مخلوط حکومت کا نام نہ لیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور کے حلقہ این اے 128 میں ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے جہاں انہوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز اور عون چودھری بھی موجود تھے۔
ن لیگ کے قائد نے استحکام پاکستان پارٹی کے انتخابی نشان "عقاب” پر مہر لگائی جس کی وجہ این اے 128 میں ن لیگ کی آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہے۔مسلم لیگ ن نے اس حلقے سے اپنے کسی امیدوار کو کھڑا نہیں کیا جبکہ این اے 128 میں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی جانب سے عون چودھری انتخابی امیدوار ہیں۔
شہباز شریف اور ان کی اہلیہ نے بھی شیر پر ٹھپہ نہیں لگایا کیونکہ دونوں کا ووٹ بھی این اے 128 میں رجسٹرڈ ہے۔
سابق وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے آکر خواب کو بکھیرا، انہوں نےآ کر معاشرہ خراب کیا، ہم آ کر معاشرہ ٹھیک کریں گے۔
ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ الیکشن میں ایک پارٹی کو پورا مینڈیٹ ملنا بہت ضروری ہے، ایک پارٹی کو مینڈیٹ ملنا ضروری ہے تاکہ اس کا دوسروں پر دارومدار نہ ہو۔
قائد مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ مریم نے برے وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا، پارٹی میں شہباز شریف کی بھی بہت خدمات ہیں، ہم نے جیلیں کاٹی ہیں، حمزہ اور مریم جیسے بچوں نے جیلیں کاٹیں، یہ دن ہم قربانیاں دیکر دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گھروں سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں، ملک سے بدتمیزی، گالم گلوچ کے خاتمے کے کلچر کیلئے ووٹ دیں، الیکشن کے بعد رعونیت، گالی گلوچ اور قوم کو ورغلانے کے کلچر کا خاتمہ ہو گا، زندگیوں میں آسانیاں آئیں گی، پاکستان کے لوگ خوشحال زندگی بسر کریں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More