باکو (پاک ترک نیوز) پاکستان سمیت غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں نے آذربائیجان کی طرف سے آرمینیا سے آزاد کرائے گئے نگورنو کاراباخ کے علاقے آغدام کا دورہ کیا۔
غیر ملکی صحافیوں کا ایک گروپ جو باکو میں منعقدہ غیر وابستہ تحریک کے رابطہ گروپ کے سربراہی اجلاس کی کوریج کے لیے آذربائیجان آیا ہوا ہے، نے آرمینیائی قبضے سے آزاد کرائے گئے شہر آغدام کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والی تباہی کاجائزہ لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں نے ہفتہ کو آذربائیجان کے دوسرے بڑے شہر گینجا میں 2020 میں آرمینیا کے میزائل حملہ میں عمارتوں کی تباہی کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس حملہ میں 23 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔
اس موقع پر آذربائیجان کے حکام نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو تفصیلی بریفنگ دی۔ قبل ازیں غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں نے گزشتہ روز آغدام کے قریب سریجالی گاؤں کا دورہ کیا۔انہیں بتایا گیا کہ آرمینیا سے آزاد کرائے گئے علاقوں میں بڑے پیمانے پر بارودی سرنگیں بچھی ہوئی ہیں، صحافیوں کو اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ آذربائیجان کی طرف سے ان علاقوں میں سرنگوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔
اس دوران مقامی حکام نے بتایا کہ علاقے پر قبضہ کے دوران آرمینیا نے رہائشی عمارتوں، شہری سہولیات، مذہبی، ثقافتی اور تاریخی یادگاروں کو مسمار کردیا۔آرمینیا نے آغدام شہر پر قبضے کے دوران امامت کمپلیکس، جامع مسجد، ڈرامہ تھیٹر کی عمارت اور دیگر عمارتوں کو لوٹا اور انہیں تباہ کیا۔ صحافیوں نے آذربائیجان کی طرف سے آغدام شہر کی آزادی کے بعد تعمیر نو کے کاموں کو بھی دیکھا۔ غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں نے گینجا میں آرمینیائی حملے کی جگہ کابھی دورہ کیا۔