کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے بانی اور انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام گرفتار

 

راولپنڈی(پاک ترک نیوز) سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے بانی اور انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام کو گرفتار کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کیا، گلزار امام عسکریت پسند کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بی این اے، بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام سے وجود میں آئی تھی، بلوچ نیشنل آرمی پنجگور اور نوشکئی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بلوچ نیشنل آرمی پاکستان میں درجنوں دہشتگرد حملوں کی ذمہ دار ہے، گلزار امام 2018 تک بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب بھی رہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گلزارامام بلوچ راجی آجوئی سانگر کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہا، وہ بلوچ راجی آجوئی سانگرکا آپریشنل سربراہ بھی رہا، گلزار امام کے افغانستان اور بھارت کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گلزارامام کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ایک کامیاب آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا، اس کی گرفتاری بی این اے اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے بڑا دھچکا ہے، اس کے دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ روابط کی چھان بین کی جارہی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More