غزہ (پاک ترک نیوز) غزہ میں میڈیا آفس کی جانب سے بتایا گیا کہ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 56مساجد بھی شہید ہوگئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی جارحیت میں کم از کم 56 مساجد شہید جبکہ تین گرجا گھروں کو زمین بوس کر دیا گیا جبکہ 192 مساجد کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
ترجمان سلامہ معروف نے غزہ سٹی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے 192 مساجد کو نقصان پہنچا ہے، جن میں 56 مساجد مکمل طور پر شہید ہو چکی ہیں، اس کے علاوہ تین گرجا گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 192 طبی اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کو بھی نقصان پہنچا جبکہ 32 ایمبولینسز کو تباہ کر دیا گیا۔
میڈیا آفس نے بتایا کہ صحت کی دیکھ بھال کے کم از کم 113 اداروں کو کافی نقصان پہنچا جبکہ 16 ہسپتال اور 32 مراکز صحت بند ہو گئے۔
معروف نے بتایا کہ تقریباً 222,000 رہائشی یونٹس بھی متاثر ہوئے ہیں، 10,000 عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو گئی ہیں اور 40,000 رہائشی یونٹ قبضے سے تباہ ہو گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی قبضے نے مسلسل گولہ باری سے 222 اسکولوں کو تباہ کیا، مختلف نوعیت کا نقصان پہنچایا اور 60 اسکولوں کو بند کر دیا گیا، جب کہ جارحیت کے آغاز سے اب تک 88 سرکاری عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔