غزہ(پاک ترک نیوز) غزہ کی پٹی میں حماس کی بنائی گئی سرنگ میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجی حملے میں مارے گئے۔
تفصیلات کےمطابق غزہ میں حماس کے جنگجوؤں نے حملہ کر کے سرنگ میں داخل ہونے والے 5 اسرائیلی فوجیوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
القسام بریگیڈز نے گزشتہ 72 گھنٹے کے دوران اسرائیل کی 41 فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ اسرائیلی فوج کی سپلائی لائن اور ٹینکوں کو تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے، تازہ حملوں کے بعد ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 138 ہو گئی ہے۔
القسام بریگیڈز کی جانب سے اسرائیلی فورسز پر حملوں کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حماس کے جنگجوؤں نے غزہ میں صہیونی فورسز پر حملوں کے دوران ٹینکوں کو نشانہ بنایا، ٹینکوں کو تباہ ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یمن کے حوثی رہنما نے اسرائیل کی مدد کیلئے پہنچنے والے امریکی جنگی جہازوں پر حملے کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران کے حمایت یافتہ گروپ کو نشانہ بنایا تو وہ بحیرہ احمر میں امریکا کے جنگی جہازوں پر حملے کر دیں گے۔
حوثی رہنما نے مزید کہا کہ امریکا کو افغانستان اور ویتنام میں جو کچھ برداشت کرنا پڑا اب اس سے بھی زیادہ سخت حالات کا سامنا کرنا پڑے گا، امریکیوں کو مزید کشیدگی پیدا کرنے یا ہمارے خلاف جنگ چھیڑنے کی حماقت کی ترغیب دی گئی تو ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے۔