غزہ کشیدگی: ایم بی ایس کے علاقائی رہنماؤں سے رابطے

ریاض (پاک ترک نیوز)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فلسطینی صدر محمود عباس، اردن کے فرماروا شاہ عبدللہ ثانی اور مصری صدر عبد الفتاح السیسی سے غزہ اور اس کے گرد و نواح میں بڑھتی کشیدگی اور بگڑتی ہوئی صورتحال جس سے شہریوں کی زندگی، خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے پر تبادلہ خیال اور مشورت کے لئے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر سے اپنے ٹیلی فونک رابطے میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب تمام بین الاقوامی اور علاقائی فریقوں کے ساتھ رابطے کر کے جاری کشیدگی اور خطے میں اسے پھیلنے سے روکنے کی تمام کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کرنے اور شہریوں کو نشانہ نہ بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی عوام کے باوقار زندگی گزارنے کے جائز حق، اپنی امیدیں اور امنگیں پوری کرنے کی خواہش اور منصفانہ اور پائیدار امن کے حصول کے موقف کے ساتھ سعودی عرب بدستور کھڑا ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطینی عوام اور ان کے منصفانہ کاز کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے سعودی عرب کے مضبوط موقف اور کوششوں کو سراہا۔
دریں اثنا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اردن کے فرمانروا شاہ عبدللہ ثانی اور مصری صدر عبد الفتاح السیسی سے بھی ٹیلی فون پر غزہ اور گرد و نواح میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جس سے شہریوں کی زندگی اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔اس رابطے کے دوران غزہ اور گرد و نواح میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے میں اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے خطے کے رہنماؤں سے رابطوں میں بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول اور منصفانہ اور دیرپا امن کے حصول کے لیے ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More