سرمایہ کاری اور حکومتی اداروں کی استعداد میں بہتری کیلئے عالمی فرم کی خدمات حاصل

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے اور حکومتی اداروں کی استعدادِ کار میں بہتری کے لیے عالمی فرم کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے اور حکومتی اداروں کی استعداد کار میں بہتری کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی جانب سے بریفنگ دی گئی کہ وفاقی وزارتوں کی استعداد بڑھانے اور سرمایہ کاری میں بہتری کے حوالے سے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے لیے کنسلٹنسی فرم کئیارنی (Kearney) کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کئیارنی ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ فرم ہے جس کے آپریشنز دنیا بھر خصوصاً مشرق وسطیٰ میں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری اور حکومتی استعداد کار میں بہتری کے ایسے منصوبے جن کے حوالے سے جلد نتائج برآمد ہونے کے امکانات ہیں، کے لیے فی الفور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کی استعداد کار اور سرمایہ کاری کے بڑھانے پر پیشرفت کے حوالے سے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی، جس کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کئیارنی اب تک وفاقی حکومت کے 15 اداروں کے ساتھ مشاورت کر چکی ہے، جس میں 97 ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کئیارنی حکومت کے ساتھ مشاورت میں پائیدار ترقی کے لیے منصوبہ بندی کا لائحہ عمل تیار کرے گی اور سرکاری اداروں کا ریگولیٹری فریم ورک بہتر بنانے کے ساتھ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے حوالے حکومت پاکستان کو معاونت فراہم کرے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More