گوگل کو جواب میں غلطی پر 100 ارب ڈالر کا نقصان

 

کیلیفورنیا(پاک ترک نیوز) معروف سرچ انجن گوگل کو جواب میں غلطی پر 100 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔
معروف انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کو اپنے نئے چیٹ باٹ “بارڈ” کے ایک اشتہاری ویڈیو میں غلط معلومات شیئر کرنے پر 100 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔
گوگل چیٹ باٹ کے گزشتہ دنوں ایک اشتہار میں غلطی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ جس کے بعد گزشتہ روز گوگل کے حصص میں 9 فیصد کمی آئی جبکہ گزشتہ سال بھی گوگل کی قدر میں 40 فیصد کمی آئی تھی تاہم گوگل کے لیے رواں سال اچھا ثابت ہوا تھا اور 15 فیصد اضافہ ہوا لیکن اب غلطی ہونے پر ایک بار پھر گوگل کو نقصان اٹھانا پڑ گیا۔
جاری کردہ اشتہار میں گوگل بارڈ سے ایک سوال پوچھا جاتا ہے کہ جیمز ویب سپیس ٹیلی سکوپ (جے ڈبلیو ایس ٹی) کے ذریعے اور کیا نیا دریافت کیا گیا ؟ تو بارڈ نے مختلف جواب دیا لیکن ان میں ایک جواب غلط تھا۔
بارڈ نے جواب دیا کہ جے ڈبلیو ایس ٹی کے ذریعے نظام شمسی سے باہر سیارے کی سب سے پہلی تصویر لی گئی جو در حقیقت 2004 میں ساؤتھرن آبزرویٹری کے بہت بڑے ٹیلی سکوپ (وی ایل ٹی) نے لی تھی۔
گوگل نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ اپنے سرچ فنکشن میں بارڈ کو کب شامل کرے گا تاہم کمپنی نے نئے فیچر میں سامنے آنے والی غلطی کو تسلیم کر لیا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More