حافظ نعیم الرحمان کثرت رائے سے نئے امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب

لاہور(پاک ترک نیوز) حافظ نعیم الرحمان کثرت رائے سے نئے امیر جماعت اسلامی منتخب ہوگئے۔
مرکزی شوریٰ ارکان کی جانب سے جماعت کی رہنمائی کے لئے تین نام پیش کئے گئے تھے، ان میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان شامل تھے، فیصلہ ارکان جماعت اسلامی کی اکثریت نے کیا، جماعت اسلامی میں ہر پانچ سال بعد امیر کا انتخاب ہوتا ہے۔
سراج الحق کو 2014ء میں جماعت اسلامی کا امیر منتخب کیا گیا تھا، وہ دس برس اس ذمے داری پر فائز رہے، ان سے قبل سید منور حسن، قاضی حسین احمد، میاں طفیل محمد اور مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی اس ذمے داری پر فائز رہے، جماعت اسلامی کی بنیاد سید ابوالاعلیٰ مودودی نے 1941ء میں رکھی تھی۔
سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کو اللہ تعالیٰ استقامت عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ حافظ نعیم الرحمان کے انتخاب کو پاکستان، جماعت اسلامی، امت مسلمہ کے لئے خیروبرکت کا ذریعہ بنائے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More