حج 2024۔مکہ مکرمہ میں بغیر پرمٹ داخلے پر پابندی لاگو

مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
سعودی محکمہ امن عامہ نےآج سے حج سیزن کے حوالے سے ضوابط پر عملدرآمد کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مکہ مکرمہ میں داخلے کےلیے انٹری پرمٹ ضروری ہوگا۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق محکمہ امن عامہ نے اپنے ہفتہ کے روز جاری ہونے والےبیان میں کہا ہےکہ نئے ضوابط کا مقصد حج کے عمل کو بہتر اور عازمین حج کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
محکمہ امن عامہ کا کہنا ہے کہ حج 2024 کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کے لیے ایسے کسی بھی شخص کو جس کے پاس متعلقہ ادارے کی جانب سے حج مقامات پر کام کے لیے داخلے کا اجازت نامہ نہیں ہوگا انہیں اور ساتھ ہی بغیر پرمٹ مکہ جانے والی گاڑیوں کو واپس کیا جائے گا۔بیان کے مطابق پابندی کا یہ سلسلہ آج ہفتہ 4مئی 2024 سے شروع ہو کر حج کے تین روز بعد تک جاری رہے گا۔ تاہم ایسے افراد جن کے پاس مکہ سے جاری کردہ اقامہ، عمرہ پرمٹ یا حج پرمٹ ہوگا تو وہ اس سے مستثنی ہوں گے۔
یاد رہے کہ سعودی قوانین کے مطابق حج سیزن میں کسی سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی کو بغیر اجازت نامے کے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More