مناسک حج کا آغاز کل ہوگا، لاکھوں عازمین منیٰ روانہ

مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز) حج 2024 کیلئے پانچ روزہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز کل (جمعہ) 14 جون سے ہوگا لاکھوں عازمین حج منیٰ کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔
مناسک حج کا آغاز کل جمعے سے ہو رہا ہے جب کہ رکن اعظم وقوف عرفات ہفتہ 15 جون کو ہوگا۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے لاکھوں عازمین حج لبیک الھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے منی کی جانب روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ منیٰ میں قیام کے دوران عبادات کریں گے اور ہفتہ 15 جون کی صبح وقوف عرفات کے لیے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔
ہفتے کے روز عرفات میں حج کے خطبہ کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر ادا کی جائے گی جب کہ مغرب سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔
مزدلفہ میں ہی حجاج کرام شیطان کو کنکریاں مارنے کیلیے کنکریاں اکھٹی کریں گے اور یہیں رات قیام بھی کریں گے جہاں وہ آرام کرنے کے ساتھ رات عبادت اور اللہ تعالیٰ کی مناجات کرتے ہوئے مغفرت کے طالب ہوں گے۔
اتوار 16 جون کی صبح حجاج کرام منیٰ واپس روانہ ہوں گے جہاں وہ رمی جمرات کریں گے۔ پھر حجاج کرام اللہ کی راہ میں جانور قربان کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا جس کے بعد وہ اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جب کہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔
حجاج کرام 16 جون کو ہی بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہوں گے۔ سترہ جون بروز پیر کوحجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے۔ 18 جون منگل کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More