واشنگٹن (پاک ترک نیوز)
اسرائیل کے خلاف حماس کے گذشتہ برس 7اکتوبر ہو شروع ہونے والے الاقصیٰ طوفان آپریشن کی بر وقت نشاندہی میں ناکامی پراسرائیلی ملٹری انٹیلیجنس کے سربراہ اہارون ہالیوا نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی انٹیلیجنس کور کے سربراہ اہارون ہالیوا وہ پہلے بڑے اور اہم سرکاری عہدیدار ہیں جنہوں نے گزشتہ برس سات اکتوبر کو فلسطین کی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ سات اکتوبر کے حماس کے حملے نے اسرائیل کی فوج اور اس کی دفاعی صلاحیت کے بارے میں قائم تاثر کو بری طرح نقصان پہنچایا۔
غزہ کی پٹی سے کیے گئے ان حملوں میں اسرائیل کے مطابق ایک ہزار 200 سے زائد افراد مارے گئے جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ اس حملے میں حماس کے عسکریت پسندوں نے اسرائیل سے اڑھائی سو سے زیادہ افراد کو یرغمال بنایا اور ساتھ لے گئے۔ سات اکتوبر کی اس کارروائی کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر بمباری کا سلسلہ شروع کیا جو چھ ماہ سے جاری ہے۔
اسرائیلی فوج کے انٹیلیجنس چیف نے حماس کے حملے کے فوری بعد کہا تھا کہ وہ اس کو نہ روک پانے کی ذمہ داری اٹھاتے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق ملٹری چیف آف سٹاف نے اہارون ہالیوا کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے اور ان کے ملک کے لیے خدمات پر شکریہ ادا کیا۔
انٹیلیجنس چیف کے استعفے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ دیگر کئی اہم عہدیدار بھی مستعفی ہو سکتے ہیں جن پر الزام ہے کہ وہ ملکی سکیورٹی اور حماس کے حملے کو پیشگی روکنے میں ناکام رہے۔
اگلی پوسٹ