کاغذات مسترد کرنے کیخلاف الیکشن ٹربیونلز میں اپیلوں پر سماعت؛ آر او کی طلبی

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) عام انتخابات 2024کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔کل اپیلیں دائر کرنے کا آخری دن ہے۔ ریٹرننگ افسران کی طرف سے کاغذات مسترد کرنے کے تحریری فیصلوں میں مسلسل تاخیر سے امیدوار پریشان ہیں۔
لاہور کے ایپلٹ ٹریبونل میں 20 سے زائد اپیلیں دائر ہو چکی، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ برقرار ہے۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، ان کے بھتیجے شیخ رشید شفیق اور سابق وزیر قانون بشارت راجہ نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔
حلقہ این اے 234 سے آزاد امیدوار فدا محمد نے آر او کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی، آر او نے تائید کنندہ کے دستخط میں فرق ہونے پر کاغذات مسترد کئے تھے۔
حلقہ این اے 248سے پی ٹی آئی امیدوار ارسلان خالد نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کر دی، آراو نے ایم کیو ایم کے قیصر پٹیل کے اعتراض پر ارسلان خالد کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے تھے۔
حلقہ این اے 236 سے پی ٹی آئی امیدوار عالمگیر خان نے الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر دی، ریٹرننگ افسر نے عالمگیر خان کے ٹیکس کی عدم ادائیگی پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے۔
این اے 99 اور پی پی 107 کے امیدوار عمر فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کر دی گئی، عمر فاروق نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے سیاسی بنیادوں پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں 9 ایپلٹ ٹریبونل تشکیل دیئے گئے ہیں، آر اوز کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More