ماسکو(پاک ترک نیوز) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ یقین ہے امریکا روس کی جانب سے پاکستان کو تیل فراہم کرنے کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالے گا۔
ماسکو میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں بھی پاکستان سمیت ایسے ملکوں کی اکثریت موجود ہے جو اپنے جائز قومی مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔ انہیں اپنی معیشت بہتر بنانے اور عوام کے مفاد میں دلچسپی ہے۔ مغربی ممالک روس پر نہ صرف پابندیاں لگا سکتے ہیں بلکہ دہشتگردی بھی کروا سکتے ہیں جیسا کہ سمندر میں روس کی گیس پائپ لائن کے ساتھ کیا گیا۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ امریکا سب سے کہہ رہا ہے کہ روس کے ساتھ معاملات نہ کیے جائیں۔ امریکا بڑے غرور سے کام لے رہا ہے اور اسے شرم بھی نہیں آتی۔
روسی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے حالیہ عرصے میں چین ،بھارت اور ترکیہ پردباؤ ڈالا ہے۔ کوئی ایسا ملک نہیں جسے نئے سامراج امریکہ کی طرف سے پیغامات نہ ملے ہوں۔