گلگت بلتستان کے باسیوں کو جنگِ آزادیء کے 76سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،نگران وزیراعظم

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے غیور اور محبِ وطن باسیوں کو جنگِ آزادیء گلگت بلتستان کے 76سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آج کا دِن گلگت بلتستان اور پورے پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور ہماری تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔آج سے 76 سال پہلے گلگت بلتستان کے غیور عوام نے قیامِ پاکستان کے بعد ڈوگرا راج کے خلاف کیپٹن مرزا حسن خان اور صوبیدار میجر بابر جیسے بہادر اور جَری رہنماؤں کی زیرِ قیادت بے سرو سامانی کے باوجود نہایت بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کیا اور ہندو سامراج کے کٹھ پُتلی گورنر گھنسارا سنگھ کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا اور گلگت بلتستان کے بہادر لوگوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کو ترجیح دی۔
گلگت بلتستان کی آزادی ہمارا اثاثہ اور سرمایہء افتخار ہے اور اپنی نوعیت کا منفرد کارنامہ ہے جس کا تاج گلگت بلتستان کے باشندوں نے یکم نومبر 1947 کو خود پاکستان کے سر پر سجایا اور اپنی غیر مشروط،بے مثل اور والہانہ محبت سے ثابت کر دیا کہ ہم پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ یہی وجہ ہے کہ پورا ملک اس علاقہ کے جذبہء حبُ الوطنی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ان جَری لوگوں نے ہمیشہ کیلئے دشمن کو یہ بھی باور کروا دیا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ تھا،ہے اور انشاء اللہ ہمیشہ رہیگا۔
گلگت بلتستان کے لوگ خوش قسمت ہیں کہ آپ کی بے مثال قربانیوں سے آزادی کی نعمت ملی لیکن افسوس کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان آج تک ہندوستان کے غاصبانہ پنجے میں جکڑے ہوئے ہیں۔ اگرچہ کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی واضح قراردادیں موجود ہیں لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر ابھی تک حل نہیں ہوسکا۔
میں آج ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ پاکستان کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد تب تک جاری رکھے گا جب تک کہ ان کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت نہیں مل جاتا۔
آج میں اقوام ِ عالم کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا پُر امن حل چاہتے ہیں اور قِبلہء اَول کی زمین پر اسرائیل کی جارحیت کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔
ساری دنیا اس حقیقت سے بخوبی روشناس ہے کہ گلگت بلتستان بہترین مواقع اور امکانات کی سرزمین ہے۔ قدرتی و معدنی وسائل اور عوام کی بیش بہا صلاحیتوں سے گلگت بلتستان خطے کا اقتصادی اور سیاحتی مرکز بننے کی راہ پر گامزن ہے۔
گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ہم سب کواتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگااورقومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی کے ذریعے دشمن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانا ہوگا۔
حکومت پاکستان گلگت بلتستان میں ترقی،امن، خوشحالی اور نوجوان نسل کی ترقی کے لئے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کر تی رہے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More