کولمبو (پاک ترک نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔
2025میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری سری لنکا میں جاری آئی سی سی میٹنگز کے آخری روز دی گئی۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بجٹ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور آئی سی سی نے تیار کیا۔
آئی سی سی کے اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سمیت دیگر بورڈ کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز فروری 2025 سے پاکستان میں ہوگا جس کے لیے پی سی بی مجوزہ شیڈول پہلے ہی آئی سی سی کو بھیج چکا ہے۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق میگا ایونٹ پاکستان کے تین شہروں میں شیڈول ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول بھی آئی سی سی کو حتمی منظوری کے لیے بھیج رکھا ہے۔ پی سی بی نے ٹورمنٹ کے لیے بھارت کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں رکھے ہیں تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے فی الوقت پاکستان جانے سے متعلق باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔