انتخابات فروری سے تاخیر کا شکار ہوئے تو سنگین نتائج نکل سکتے ہیں،مغربی ممالک نے پاکستان کو آگاہ کردیا
اسلام آباد (پاک ترک نیوز) اہم مغربی ممالک نے پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ انتخابات فروری سے زیادہ تاخیر کا شکارہوئے تو سنگین نتائج برآمد ہونگے جس میں ممکنہ طور پر تعلقات میں کمی بھی شامل ہے۔
مغربی دارالحکومتوں میں خدشات ہیں کہ پاکستان میں انتخابات میں تاخیر ہو سکتی ہے اور موجودہ نگراں سیٹ اپ مقررہ مدت سے آگے جا سکتا ہے۔امریکہ اور یورپی یونین پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یہ ممالک ہمیشہ جمہوریت کی وکالت کرتے رہے ہیں اور سمجھتے ہیں انتخابات کا انعقاد کسی بھی ترقی پسند جمہوری معاشرے کا نچوڑ ہے۔
حلقہ بندیوں اور بعض تکنیکی معاملات کی وجہ سے چند ماہ کی تاخیر برداشت کی جا سکتی ہے۔ تاہم اگر انتخابات فروری سے تاخیر کا شکار ہوئے تو ملک کیلیے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔
ایک سفارتی ذریعے نے بتایا کہ سچ کہوں تو اگر انتخابات فروری سے آگے تاخیر کا شکار ہوتے ہیں، تو ہمارے لیے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی یہی سطح برقرار رکھنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔