چلتے ہو تو چین کو چلئے

بیجنگ(پاک ترک نیوز)
چین نے اعلان کیا ہے کورونا وبا کی وجہ سے 28 مارچ 2020 سے بند کئے گئے غیر ملکی شہریوں کے لئے ہر قسم کے ویزوں کے اجرا کا سلسلہ اب کل 15مارچ سےبحال کیا جا رہا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے محکمہ برائے قونصلر امور نے منگل کے روز جاری ہونے والے بیان میں تصدیق کی ہے کہ چین 15 مارچ سے غیر ملکی شہریوں کے لیے تمام قسم کے ویزوں کا جائزہ اور فراہمی بحال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک موجود چینی سفارتخانے اور دفاترجو ویزے جاری کرتے ہیں۔ اب چین جانے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے ہر قسم کے ویزوں کا جائزہ اور فراہمی دوبارہ شروع کر دیں گے۔
محکمہ نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ویزے جو 28 مارچ 2020 سے پہلے جاری کیے گئے تھے اور ان کی میعاد ختم نہیں ہوئی ہے وہ ایک بار پھر بحال ہو جائیں گے۔ اس کے علاوہ، سرحدی ویزا مراکزبھی شرائط پوری ہونے کی صورت میں دوبارہ سرحد پر ویزا جاری کریں گے۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیاہے کہ چین صوبہ ہینان کے لیے ویزا فری پالیسی اور کروز لائنر مسافروں کے لیے ویزا فری انٹری کی پالیسی کو بحال کررہاہے۔ اور ساتھ ہی ہانگ کانگ سے داخل ہونے والے غیر ملکیوں کے منظم گروپوں کے لیے گوانگ ڈونگ صوبے میں ویزا فری انٹری کو بحال کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ مکاؤاور گوئلن شہر میں داخل ہونے والے آسیان ریاستوں کے سیاحوں کے گروپوں کے لیے بھی یہ سہولت بحال کی جا رہی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More