غیرشرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار، بشری بی بی 14دسمبر کو طلب

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) اسلام آباد کی عدالت نے غیرشرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دیدیا ۔بشری بی بی 14دسمبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے غیرشرعی نکاح کیس کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے خلاف غیرشرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار خاورمانیکا عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کے وکیل نے کہا کہ خاورمانیکا کو زنا کے حوالے سے بتایا گیا۔
جج قدرت اللہ نے کہا کہ خاورمانیکا کا بیان آپ دیکھ لیں، کچھ بھی نہیں ہے بیان میں، قانون کے مطابق شکایت کنندہ کے ساتھ دو گواہان لازم ہیں، کیا میڈیکل ثبوت موجود ہے؟
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ خاورمانیکا کو ملا کر دو گواہان بن گئے، میڈیکل کی ضرورت نہیں ہوگی، زنا کے کیس میں طبی معائنے کے حوالے سے مختلف وضاحتیں ہیں۔
سول جج نے کہا کہ خاورمانیکا کو آدھا شکایت کنندہ اور آدھا گواہ تو نہیں بنا سکتے۔
وکیل درخواست گزار نے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی۔
وکیل درخواست گزار نے کیس قابلِ سماعت ہونے پر دلائل مکمل کرلیے جس کے بعد عدالت نےدرخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔
عدالت نے دفعہ496بی میں بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں، ان کی ای حاضری کروائی جائے۔ بشری بی بی ذاتی حیثیت میں 14 دسمبر کو پیش ہوں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More