عمران خان نے بدھ سے جیل بھرو تحریک کا اعلان کر دیا

 

لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بدھ سے جیل بھرو تحریک کا اعلان کر دیا۔
کارکنوں سے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پہلے لاہور پھر دوسرے بڑے شہروں میں جیل بھریں گے، قوم خوف کے بُت کو توڑ دے، یہ فرعون کی طرح ڈراتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سرمایہ نکالنا شروع کردیا ہے جو تشویشناک بات ہے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ کچھ بھی کر لیں ہم انہیں الیکشن میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، خطرناک بات یہ ہے کہ چیف الیکشن کمیشن انتخابات سے معذری کا اظہار کر رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ زمان پارک کے باہر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ ہمیں جیلوں میں ڈالنے کے لیے ڈراتے ہیں، جیل بھرو تحریک سارے پاکستان میں جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ظلم اور ناانصافیاں ہو رہی ہیں، آئین میں واضح ہے الیکشن 90 دن کے اندر ہونے ہیں، 91 دن کا مطلب نگران حکومت غیر آئینی ہو جائے گی، چیف الیکشن کمشنر کو آئین بارے پتا ہے، دونوں گورنر، چیف الیکشن کمشنر آئین پرعمل نہیں کر رہے، الیکشن کمیشن بے بسی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت آئین کے مطابق فیصلہ دے چکی ہے، عدالت کے فیصلے پرعملدرآمد نہیں ہو رہا، عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہو تو مطلب قانون ختم اور اس سے زیادہ بربادی نہیں ہو سکتی۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More