اسلام آباد (پاک ترک نیوز) توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی، تینوں میں سے کوئی بھی پیش نہ ہوسکا۔
ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیسز پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئیعمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری میں سے کسی کے بھی پیش نہ ہونے پر معاون وکیل نے کیس التواء کی استدعا کی۔
کمیشن سربراہ نثار درانی نے ریمارکس دیے کہ سیکیورٹی خدشات ہیں تو جیل میں سماعت نوٹیفائی کرسکتے ہیں، سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ اگر آپ جیل جانا چاہتے ہیں تو نوٹیفائی کرسکتے ہیں، جیل میں سماعت پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
ممبر کمیشن نے پوچھا کہ کیا قانون اس کی اجازت دیتا ہے؟ جس پر سیکریٹری داخلہ نے وزارت قانون سے رائے لینے کا موقف اپنایا۔
کمیشن کے پوچھنے پر فواد چوہدری کے وکیل بولے کہ فواد چوہدری جوڈیشل کسٹڈی میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
ممبرکمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، اپنے رولز ہیں، آئین اور الیکشن ایکٹ کے علاوہ کوئی قانون الیکشن کمیشن پر لاگو نہیں ہوتا۔
الیکشن کمیشن نے کیسز کی سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
اگلی پوسٹ