اسلام آباد(پاک ترک نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
عمران خان کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ وکلا ، قانونی ٹیم اور فیملی سے ملاقات چیئرمین پی ٹی آئی کا بنیادی حق ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ عمران خان کو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے جہاں اے کلاس سہولیات دستیاب ہیں اور فیملی، وکلا اور ڈاکٹر سلطان کو چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 2 روز قبل توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوئی تھی۔ عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد عمران خان کو ان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔