عمران خان آج ترکیہ کے اہلِ دانش سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے

لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا بین الاقوامی دانشوروں سے رابطوں کے سلسلے میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے ترکیہ کے اہلِ دانش سے مخاطب ہوں گے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ترکیہ کے اہلِ دانش، محققین اور طلبہ و طالبات سے خطاب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔عمران خان پاکستانی وقت کے مطابق آج رات ترکیہ میں اہلِ دانش کے اجتماع سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے ۔سنٹر فار اسلام اینڈ گلوبل افیئرز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیع الآرین میزبانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے خطاب کا اہتمام استنبول زعیم یونیورسٹی، سنٹر فار اسلام اینڈ گلوبل افیئرز اور ری بریجز کے اشتراک سے کیا گیا ہے ۔چیئرمین تحریک انصاف اہلِ دانش و محققین کی جانب سے سوالات کے جوابات بھی دیں گے ۔
اسلام کے ضابطۂ سیاست و اخلاقیات، توہین و تحفظِ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم، اسلاموفوبیا، امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور بقاء و احیائے امت جیسے موضوعات گفتگو کا حصہ ہوں گے ۔چیئرمین تحریک انصاف کی ترکیہ کے اہلِ دانش کے ساتھ اس اہم ترین نشست کو میڈیا و سماجی میڈیا پر براہِ راست نشر کیا جائے گا ۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More