عمران خان آج شام 4بجے قوم سے خطاب کریں گے

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان آج زمان پارک سے شام چار بجے براہ راست خطاب کریں گے جس میں وہ اپنی غیر قانونی گرفتاری اور گزشتہ دنوں کے واقعات پر باضابطہ ردعمل دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے مختلف مقدمات میں ضمانت کے بعد براستہ موٹر وے وفاقی دارالحکومت سے ایک قافلہ کی صورت میں لاہور پہنچے تھے جہاں بڑی تعداد میں موجود کارکنان کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کو قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا جہاں عدالت عظمیٰ کی جانب سے ان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دی گئی۔
سپریم کورٹ نے اپنے مختصر آرڈر میں عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد گزشتہ روز وہ عدالت عالیہ میں پیش ہوئے اور ان کے وکلا کی جانب سے مختلف مقدمات میں ضمانت کے لئے درخواستیں دائر کی گئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کی عبوری ضمانت 2 ہفتے کیلئے منظور کی جبکہ عدالت عالیہ نے عمران خان کو ملک بھر میں درج کسی بھی مقدمے میں پیر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم کئی گھنٹے انتظار کے بعد گزشتہ رات اسلام آباد ہائیکورٹ سے زمان پارک لاہور کے لیے روانہ ہو ئے تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More