لاہور (پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو لاہور کے حلقے این اے 122 سے الیکشن لڑنے کی اجازت نہ مل سکی۔
لاہور ہائیکورٹ اپیلیٹ ٹریبونل میں عمران خان کے حلقہ این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق ندیم نے فیصلہ سنایا۔
اپیلیٹ ٹریبونل نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے حلقہ این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کردی ۔گزشتہ روز جسٹس طارق ندیم نے بانی پی ٹی آئی کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
واضح رہے کہ 30 دسمبر کو بانی پی ٹی آئی کے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے تھے۔
ایپلٹ ٹرہبونل نے سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر او کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔
الیکشن ٹریبونل نے یاسمین راشد کے کاغذات مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور این اے 130 سے ان کے اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔