بغداد ،قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف احتجاج میں مشتعل افراد نے سویڈن کا سفارتخانہ نذر آتش کردیا

بغداد (پاک ترک نیوز) عراق کے دارالحکومت بغداد میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف احتجاج میں مشتعل افراد نے احتجاج کے دوران سویڈن کا سفارتخانہ نذر آتش کردیا ۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں مظاہرین کو جھنڈے اورعراقی رہنما مقتدیٰ الصدر کی تصویر والے کارڈز لہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔کئی فائر فائٹنگ ٹرک بغداد میں سویڈن کے سفارتخانے پہنچے جہاں عراقی سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
عراقی وزارت خارجہ نے سفارتخانے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ سکیورٹی حکام کو واقعے کی فوری تحقیقات کیساتھ ضروری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
واقعے کے بعد سویڈن کی وزارت خارجہ نے اطلاع دی کہ سفارتخانے کا عملہ محفوظ ہے۔ سویڈش وزارت خارجہ کے پریس آفس نے کہا کہ عراقی حکام کی ذمہ داری ہے وہ سفارتی مشن اور عملے کی حفاظت کریں۔
مظاہرین نے کہا کہ ہم آج قرآن پاک جلانے کے خلاف متحرک ہیں، یہ محبت اور ایمان کا معاملہ ہے۔ ہم سویڈن اور عراقی حکومت سے اس قسم کے اقدام کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ مذکورہ واقعہ سویڈن میں آج پھر ہونے والے توہین قرآن کے اعلان کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ اسٹاک ہوم میں دو افراد نے آج عراقی سفارتخانے کے باہر قرآن کی بے حرمتی اورعراقی پرچم جلانے کا اعلان کیا تھا جس کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ان دو افراد میں سے ایک وہی شخص ہے جس نےگزشتہ ماہ عیدالاضحیٰ کے روز اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر قرآن کی بے حرمتی کی تھی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More