کراچی(پاک ترک نیوز) نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں چوتھے روز کے اختتام پر نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 319رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم کے دو کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہو گئے ۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز دن کے اختتام پر پاکستانی اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق اور میر حمزہ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہو گئے ۔نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنا کر اننگز ڈیکلئیرکردی۔
چوتھے روز کے آغاز میں قومی ٹیم محض ایک رنز کا اضافہ کرسکی، ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے، قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 125 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے، انکی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے آج پاکستان کی آخری وکٹ اِش سودھی کے حصے میں آئی۔
نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ڈیون کانوے صفر کے انفرادی اسکور پر وکٹ جلد گنوا بیٹھے تاہم کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی لیکن لیتھم 62 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کین ولیمسن 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ٹام بلنڈل اور مچل پریسویل نے 127 رنز کی شراکت داری قائم کی، بلنڈل 74 رنز بناکر آغا سلمان کا شکار ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، آغا سلمان، حسن علی، میر حمزہ اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔