حج سیزن میں مسجد الحرام میں عازمین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے

مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
حج سیزن کے دوران عازمین کی صحت و صفائی کو یقینی بنانے کے لئے مسجد الحرام کے فرشوں کوروزانہ 10مرتبہ دھویا جا رہا ہے جس میں 4000صفائی کے کارکن یہ خدمت سرانجام دیتے ہیں۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے ماتحت مختلف خدمات انجام دینے والے ادارے کےسعودی میڈیا میں آنے والے بیان کے مطابق عازمین کی صحت و سلامتی کی خاطر چار ہزار سے زیادہ کارکنان اور فیلڈ امور کی نگرانی کے لیے 400 سے زیادہ سعودی انچارج تعینات کیے گئے ہیں۔ صفائی کارکن ہر روز حرم شریف کی دھلائی دن میں 10 مرتبہ کر رہے ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر سات ہزار آب زمزم کی بوتلیں عازمین کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ 800 کارکنان مسجد الحرام کے ہر حصے میں جا کر نمازیوں کو آب زمزم کی بوتلیں پیش کر رہے ہیں۔جبکہ آب زمزم کے 4500 کولر مختلف جگہوں پر رکھے گئے ہیں۔ ان کے ذریعے روزانہ پانچ لاکھ لیٹر آب زمزم عازمین کو مہیا کیا جا رہا ہے۔ ان کولرز کی صفائی اور دھلائی کا کام بھی اچھے طریقے سے ہوتا ہے اور احتیاط برتی جاتی ہے۔اسی طرح11 سمارٹ روبوٹ جراثیم کش ادویہ کے چھڑکاؤ کا کام کر رہے ہیں۔ ہر روبوٹ خودکار نظام کے تحت آٹھ گھنٹے اپنا کام انجام دیتا ہے۔
حرمین شریفین میں مختلف خدمات انجام دینے والے ادارے کے معاون سربراہ محمد الجابری کا کہنا ہے کہ ادارے نے پانچ ہزار سادہ ویل چیئر اور تین ہزار الیکٹرک ویل چیئرز کا بندوبست کیا ہےجنہیں تنقل ایپ سے مربوط کر دیا گیا ہے۔جسکے ذریعے عازمین حج سادہ اور الیکٹرک ویل چیئر حاصل کر سکتے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More