نئی دہلی(پاک ترک نیوز) بھارت کی ریاست سکم میں موسلادھار بارش اور ڈیم ٹوٹنے سے 23بھارتی فوجی اہلکار سیلابی ریلے میں بہہ گئے ۔
بھارتی وزارت دفاع نے بتایا کہ ریاست سکم میں بادل پھٹنے (Cloud Burst) سے ہونے والی تباہ کن بارش میں ڈیم ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلا چین کی سرحد کے نزدیک فوجی کیمپ سے ٹکرا گیا۔
بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق سیلابی ریلے سے فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا اور 23اہلکار لاپتا ہوگئے جن کا اب تک سراغ نہیں مل سکا۔ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارتی فوج کے اہلکار سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ان کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ گوہاٹی میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی ہوئے۔
سیلابی ریلے میں گاڑیاں اور کئی سڑکیں تک بہہ گئی ہیں اور پورے علاقے میں بجلی منقطع ہوگئی۔ ریاستی حکومت نے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے تاہم خراب موسم کے باعث اکثر علاقوں میں امدادی کام کا آغاز نہ ہوسکا۔
اگلی پوسٹ