اسلام آباد (پاک ترک نیوز) اردن فٹبال فیڈریشن نے پاکستان کو فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کی میزبانی میں حائل مشکلات کے باعث میچ اردن منتقل کرنے کی پیشکش کردی ۔
تفصیلات کے مطابق اردن کی فٹ بال ایسوسی ایشن (جے ایف اے) نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو پیشکش کی ہے کہ وہ اپنی ہوم ٹائی جو کہ جناح سٹیڈیم میں ہونے والی تھی، اردن منتقل کر دیں۔ دونوں فریقوں کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میچ قریب آتے ہی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ 2 کے گروپ جی میں یہ پاکستان کا تیسرا میچ ہوگا اور شاہینز کو فلڈ لائٹس کے ناکافی معیار کی وجہ سے اسلام آباد میں میچ کی میزبانی کرنا مشکل ہے جو کہ اے ایف سی اور فیفا کی ضروریات کو پورا نہیں کرتی۔ پاکستان کو سعودی عرب کے خلاف پہلے دو میچز میں 4-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اسے تاجکستان کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر 6-1 سے شکست ہوئی۔
پی ایف ایف نے اے ایف سی سے تیسری ڈیڈ لائن کی درخواست کی اور اسے 9 فروری تک دی گئی لیکن پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اسٹیڈیم میں نئی لائٹس لگانے میں ناکام رہا۔
21 جنوری کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد پی ایف ایف نے اے ایف سی سے 2 فروری تک توسیع کی درخواست کی اور پھر مزید 9 فروری تک توسیع دی گئی۔ ہوم میچ کا مقام اے ایف سی کو جمع کرانے کی تینوں ڈیڈ لائنیں گزر چکی ہیں۔
بدقسمتی سے پاکستان سپورٹس بورڈ اور پی ایف ایف مسائل کو حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے سے قاصر ہیں۔