پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ اور گیم پلان

آر اے شمشاد
بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023کے 12ویں میچ کا شائقین کرکٹ کو بے صبر سے انتظار ہے ۔ یہ مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان احمد آباد میں ہوگا ۔
ابھی تک آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں اپنے پہلے دو میچز جیت کر ٹورنامنٹ کا اچھا آغاز کر چکے ہیں ۔ پاکستان نے نیدر لینڈز اور سری لنکا کو شکست دی تھی ۔ بھارت نے آسٹریلیا اور افغانستان کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی ۔
اس سٹیڈیم میں افتتاحی میچ کے حوالے سے بات کی جائے تو ٹاس جیتنے والی ٹیم کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے ۔ کوئی بھی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کرنے کو ترجیح دیتی ہے ۔کیونکہ میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے مضبوط اٹیک کے باوجود نیوزی لینڈ کی جانب سے 9وکٹوں سے فتح میں یقیناً ٹاس کا کردار نظر آ تا ہے۔افتتاحی میچ میں بھی نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کوترجیح دی گئی تھی ۔
اگر بات کی جائے سٹیڈیم کی تو احمد آباد میں واقع نریندر مودی سٹیڈیم میں ایک لاکھ 32ہزارکے قریب تماشائیوں کی آمد متوقع ہے ۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023کا فائنل بھی اسی سٹیڈیم میں ہو گا ۔
اس سے قبل اس سٹیڈیم میں ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ کھیلا گیا تھا جس میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 9وکٹوں سے شکست دی تھی ۔اس میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے کانوائے نے 152رنز کی بڑی اننگز کھیلی تھی ۔
قومی ٹیم میں اس وقت نسیم شاہ کی انجری کے باعث بائولنگ اٹیک میں تھوڑ خلا نظر آ رہا ہے جسے پورا کرنے کیلئے حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا ۔ افتتاحی میچ کے مطابق پچ کا مزاج ایسا ہی نظر آ رہا کہ فاسٹ بائولرز کو آغاز میں مدد مل سکتی ہے اس حوالے سے دیکھا جائے تو شاہین آفریدی کے ساتھ اگر حارث رئوف سے آغاز کروایا جائے تو بھارتی بلے بازوں کیلئے مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ بھارتی ٹیم بلے بازوں پر زیادہ انحصار کرتی ہے ۔ آغاز میں ہی اگر وکٹیں گراد ی جائیں تو پاکستان کیلئے کافی فائدہ مند ہو سکتی ہیں ۔ قومی ٹیم اگر حسن علی کو دس اوورز کے قریب بائولنگ کو موقع دے تو ٹیم کیلئے کافی کارگرہوسکتا ہے کیونکہ حسن علی کو کافی تجربہ حاصل ہے ۔ اگر بات کی جائے سپن بائولنگ کے شعبے کی تو اس میں شاداب خان کے ساتھ محمد نواز کا کمبی نیشن بہترین ہے لیکن نائب کپتان شاداب خان کچھ عرصے سے مسلسل مشکلات کا شکار نظر آ رہے ہیں اس کی گیند بازی میں وہ ردھم نظر نہیں آ رہا جس کیلئے وہ جانے جاتے ہیں ۔
بھارت کیخلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کے پاس محمد افتخار کی صورت میں بہترین آپشن موجود ہے ۔ وہ اپنی بائولنگ نہ صرف رنز روکنے میں کامیاب ہو تے ہیں بلکہ اہم موقع پر وکٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں اور پارٹنر شپ توڑنے میں ان کا پچھلے ریکارڈ بہتر ہے دوسرا آپ کے پاس پانچ بائولرز کے ساتھ ایک اچھی آپشن بھی موجود ہو گی کہ آپ کے بائولرز کو نہ صرف ریلیکس ملے گا بلکہ آپ کے پاس ورائٹی میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔
ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کی جانب سے اس پچ پر 282رنز کا ہدف دیا گیا جسے نیوزی لینڈ محض 36.2اوورز میں ہی پورا کرلیا تو اس پچ پر شاید 300سے کم سکور پر انحصار کرنا کسی بھی ٹیم کیلئے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے ۔تاہم پاک بھارت میچ کا اپنا دبائو بھی دونوں ٹیموں کی کارکردگی پر اثر انداز ہو سکتا ہے ۔
دوسری جانب اگر بات کی جائے بیٹنگ کی تو پاکستان ٹیم کو اوپنرز میں تو عبداللہ شفیق اس وقت فارم میں نظر آ رہے ہیں تاہم اس کے ساتھ اگر فخرزمان کو بھیجا جائے تو مخالف ٹیم پر دبائو میں اضافے کی توقع ہو سکتی ہے ۔ قومی کپتان بابر اعظم اگرچہ ابھی تک میگا ایونٹ میں خاص کارکردگی کا مظاہرہ تو نہیں کر سکے تاہم ان کی پرفارمنس بھارت کیخلاف بہترین رہی ہیں ۔ قومی ٹیم میں اگر بات کی جائے نمبر4پر بلے بازی کی تو محمد رضوان ویسے تو بہترین کارکردگی سے سب کا منہ بند کر چکے ہیں تاہم بھارت کیخلاف اگر تھوڑا سا بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرلی جائے تو محمد نواز نمبر 4پر پاکستان کے پاس بہترین آپشن کے طور پر موجود ہیں کیونکہ وہ نہ صرف وکٹ پر ٹھہر سکتے ہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر بہترین سٹروکس بھی کھیل سکتے ہیں ۔
اس طرح محمد رضوان کو اگر سعود شکیل کے بعد بھیجا جائے تو پاکستان کا بیٹنگ آرڈر بہترین کمبی نیشن بن سکتا ہے۔ اس کے نیچے محمد افتخار ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے میں ماہرہیں تو ان کیلئے کچھ ریلیف کا ماحول بھی بن سکتا ہے ۔
آئی سی سی ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ کا دبائو جو ٹیم بہترین طریقے سے ہینڈل کرے گی جیت اسی کی ہو گی۔بھارت کے پاس بائولنگ اٹیک میں بمرا اور محمد سراج اس وقت بہترین ردھم میں موجود نظر آ رہے ہیں تاہم پہلے اوورز میں اگر بلے باز جلدی نہ کریں اور پہلے دس اوورز میں پاکستانی بلے باز اپنی وکٹیں بچا لیں تو میچ میں فتح آسانی سے میسر آ سکتی ہے کیونکہ اس طرح آپ کے پاس لمبی بیٹنگ لائن موجود ہو گی ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More