کراچی(پاک ترک نیوز) انٹر بینک میں امریکی کرنسی ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 303روپے سےتجاوز کر گئی ۔اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر ایک روپے اضافے سے 316روپے کا ہو گیا ۔
تفصیلات کےمطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں ڈالر 26 پیسے کے اضافے سے 302.26 روپے پر پہنچنے سے کاروباری دن کا آغاز ہوا، تاہم ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں بتدریج بڑھتی رہی اور پہلے 51پیسے، پھر 75 پیسے اور دوپہر تک ایک روپے 01 پیسے اضافے سے 303 روپے 01 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر ایک روپے کے اضافے سے 316 روپے کی نئی بلند ترین سطح کو چھو چکی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی سے کاروبار کا آغاز ہوا اور 125 پوائنٹس کی مندی سے کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 47353 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ بعد ازاں حصص بازار میں مندی کا رجحان جاری رہا اور دوپہر تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 650 پوائنٹس کی مندی سے 100 انڈیکس گھٹ کر 46828 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔