لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپتان انضمام الحق قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر مقرر کیلئے فیورٹ قرار اعلان آج متوقع ہے ۔
چیف سلیکٹر ہارون رشید کی جگہ اب انضمام الحق چیف سلیکٹر بننے کے لیے فیورٹ ہیں۔
انضمام الحق آج لاہور میں ذکاء اشرف سے ملاقات کر کے چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سنبھالیں گے، افغان سیریز اور ایشیا کپ کے لیے ایک ہی ٹیم منتخب کی جائے گی۔
انضمام الحق چیف سلیکٹر کا چارج لینے کے بعد افغان سیریز اور ایشیا کپ کیلئے سکواڈ کا اعلان کریں جو جمعرات کو متوقع ہے ۔
ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن، باؤلنگ اور بیٹنگ کوچز کو نہ چھیڑنے کا مشورہ دیا ہے، البتہ منیجر ریحان الحق اور دیگر نان ٹیکنیکل سٹاف کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، ان کا مستقبل خطرے میں ہے۔
پی سی بی حکام نے سینٹرل کنٹریکٹ پر سری لنکا میں کھلاڑیوں سے ویڈیو لنک پر طویل میٹنگ کر کے مطالبات جاننے کی کوشش کی ہے، ان کی رائے کو بھی اہمیت دی جارہی ہے۔
ذکاء اشرف کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے فیصلوں اور تجاویز کی منظوری دیں گے، یکم ستمبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کا اعلان کیا جائے گا اور ریجنزاور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہو گی۔
ایسے میں سابق چیف ایگزیکٹیو فیصل حسنین کی بورڈ چھوڑنے کی بازگشت ہے، چیف ایگزیکٹیو کاعہدہ ختم اوران کا تبادلہ سپیشل پراجیکٹس میں کردیا گیا ہے، ادھر سابق ڈائریکٹر ندیم خان نے ذکاء اشرف سے ملا قات کی ہے ان کی تقرری اگلے چند دن میں متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ذکاء اشرف نے اسلام آباد میں اہم شخصیات اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، حکومت نے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے تاہم چند دن میں عبوری سیٹ اپ کے آنے کے بعد منیجمنٹ کمیٹی کے مستقبل سے متعلق کچھ کہنا مشکل ہوگا۔
سلیکشن کمیٹی کے قیام کے بعد سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان ہوگا جس میں وائٹ بال اور ریڈ بال کیٹگریز ختم کر کے معاوضوں میں ایک سو فیصد سے زائد اضافے کی تجویز ہے، میچ فیس میں اضافہ کیا جا رہا ہے، ٹیسٹ میچ فیس میں پچاس فیصد اضافہ ہو گا۔