وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسانی کی ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان کے تین روزہ دورے پر پہنچنے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ون آن ون ملاقات ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان نیک خواہشات کا تبادلہ بھی ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عام انتخابات کے بعد آپ دورہ پاکستان کرنے والے پہلے سربراہ مملکت ہیں، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آپ کے اس دورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔
اس سے قبل وزیراعظم ہاؤس آمد پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے وفاقی کابینہ کے اراکین کا تعارف کروایا جس کے بعد ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں ارتھ ڈے کی مناسب سے پودا بھی لگایا اور دعا کی۔
ایرانی صدر ابراہیم ریئسی نے وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاک ایران تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے، وفد میں ایرانی وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان، اعلیٰ حکام اور تاجر بھی شامل ہیں۔
پاکستان پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستانی ہم منصب صدر آصف علی زرداری سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
‎ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملیں گے جبکہ لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق ‎ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، عوام سے عوام سمیت باہمی رابطوں، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔
ایرانی صدر کے دورے کے موقع پر علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے علاوہ دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ایرانی صدر کا پاکستان کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔
یاد رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان میں عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More