ایرانی صدر کی مزار اقبال پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی

لاہور(پاک ترک نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسانی لاہورپہنچ گئے ۔مزار اقبال پر حاضری دی ،پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی بھی کی ۔
تفصیلات کےمطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسانی کی لاہور آمد کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی صدر سے پنجاب کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا، اس موقع پر ایرانی صدر کو بچوں نے گلدستہ پیش کیا۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے مزار اقبالؒ پہنچنے پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ان کا استقبال کیا، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایرانی صدرسیدابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزار اقبال پر دعا کرائی۔ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ایرانی صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمیں اپنی قوم اور اپنے مجاہدوں پر بہت ناز ہے، صیہونی قوتوں کیخلاف پاکستان کا مؤقف قابل دید ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کے درمیان گہرا تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کا بھی مؤقف ہے فلسطینی جیت سے ہمکنار ہونگے، فلسطینیوں پر ظلم کرنیوالے اسرائیلی شکست سے دوچار ہوں گے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبی جیسا احساس نہیں ہوا، پاک ایران رشتہ وقت کیساتھ مزید مضبوط ہوگا، میری خواہش تھی کہ پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری پاکستان اور ایران کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے، ایرانی سپریم لیڈر کی جانب سے پاکستان اور لاہور کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
ابراہیم رئیسانی کا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو نئی راہیں دکھائیں، علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ اہل پاکستان کو خصوصی طورپر سلام پیش کرتاہوں، ان شاء اللہ پاکستان اور ایران کے عوام کے دل ہمیشہ جڑے رہیں گے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی درج کئے۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی آمد کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ہے، شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
سی ٹی اولاہور کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں مقامی تعطیل ہے، ایسے میں شہری غیرضروری سفر سے گریز کریں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہریوں سے مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ روڈ پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی گئی ہے۔ شہری گریٹراقبال پارک، لاری اڈہ، لوئرمال پر بھی غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
موومنٹس مخصوص روڈ کو ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا، موومنٹس کے دوران شہریوں کو متبادل راستے فراہم کئے جائیں گے۔ لاہور رنگ روڈ، رنگ روڈ اتھارٹی کی جانب سے دوپہر 3 بجے تک بند رہے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More