اسحاق ڈار کی چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دونوں اطراف کے اعلیٰ حکام موجود تھے اور وزیر خارجہ نے 26 مارچ کو ہونے والے شانگلہ حملے پر تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی اور ہلاک ہونے والے چینی کارکنوں کی خدمات کو سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری، سی پیک کے دوسرے مرحلے پر گفتگو ہوئی جبکہ اسحاق ڈار اور چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم نے تجارت، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں خنجراب بارڈر کراسنگ کے ذریعے رابطے اور ویزا کے آسان نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تعاون کے تمام شعبوں میں پاک چین تعلقات کی بڑھتی ہوئی رفتار کو برقرار رکھنے اور پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے توانائی اور انفراسٹرکچر میں سی پیک کی طرف سے پیش رفت کا جائزہ لیا اور صنعت، زراعت، معدنی ترقی کے شعبوں میں دوسرے مرحلے کے تحت مثبت منافع پر اعتماد کا اظہار کیا۔
چین کے ایگزیٹو نائب وزیر اعظم نے معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تعاون کے تمام شعبوں میں پاکستان کے لیے چین کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور باہمی خوشحالی اور ترقی کے لیے سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کی اہمیت کا اعادہ بھی کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More